سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،سرمایہ کاروں کے 81ارب80کروڑ روپے ڈوب گئے

سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،سرمایہ کاروں کے 81ارب80کروڑ روپے ڈوب گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست مندی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس36100،36000، 35900،35800 اور35700کی نفسیاتی حدوں سے گرکر3سال کی کم ترین سطح پر آگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 81ارب80کروڑروپے سے زائدڈوب گئے،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت11فیصدزائد جبکہ75.98فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے فوڈز،توانائی،سیمنٹ،بینکنگ اور دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 36192پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھاگیاتاہم حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے کی تجویز اورچین سے آزاد تجارتی معاہدہ کو ایف بی آر کی جانب سے معیشت کیلئے نقصان دہ قرار دیئے جانے جیسی خبروں پر سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور انہوں نے منافع کی خاطر فروخت کو ترجیح دی، جس نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اورٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس35570پوائنٹس کی نچلی سطح پربھی ریکارڈ کیاگیا،تاہم منافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے غیرملکی سرمایہ کاروں نے ایک بار پھر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس کی 35600کی حدبحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارادن جاری رہا،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس517.53پوائنٹس کمی سے 35605.42 پوائنٹس پر بندہوا۔پیرکومجموعی طور پر329کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے60کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،250کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 81ارب80کروڑ56لاکھ13ہزار247روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر72کھرب 89 ارب81 کروڑ28لاکھ39ہزار984روپے ہوگئی۔پیر کومجموعی طور پر7کروڑ14لاکھ18ہزار110شیئرزکاکاروبارہوا،جوجمعہ کی نسبت 70لاکھ82ہزار640 شیئرززائدہیں۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولیو کے حصص سرفہرست رہے،جس کے حصص کی قیمت99.00روپے اضافے سے2097.00 روپے اورایگری آٹوزانڈسٹری کے حصص کی قیمت11.12روپے اضافے سے233.88روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی سائفرفیبرکس کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت35.17روپے کمی سے668.33روپے اورسیمنزپاک کے حصص کی قیمت23.00روپے کمی سے680.00روپے ہوگئی۔پیرکومیپل لیف سیمنٹ کی سرگرمیاں 64لاکھ38ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرز کی قیمت1.61روپے کمی سے26.49روپے اوربینک آف پنجاب کی سرگرمیاں 56لاکھ96ہزار500شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرزکی قیمت16پیسے کمی سے11.92روپے ہوگئی۔جمعہ کوکے ایس ای30انڈیکس287.07پوائنٹس کمی سے16790.40پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس1220.32پوائنٹس کمی سے56659.46پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس305.47پوائنٹس کمی سے26232.32پوائنٹس پربندہوا۔

مزید :

صفحہ اول -