پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اسکیموں کوبروقت مکمل کیا جائے ،سعید غنی

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اسکیموں کوبروقت مکمل کیا جائے ،سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے تحت جاری اسکیموں کو وقت مقررہ پر مکمل کیا جائے۔ سندھ بھر میں فلٹریشن اور آر او پلانٹس پر جاری کاموں کو تیز کیا جائے اور جو آر او پلانٹس اپنی استدعات کے مطابق پانی فراہم نہیں کررہے ہیں ان کو ایک ہفتہ کے اندر اندر استدعات کے قابل بنایا جائے۔ نوابشاہ، تھرپارکر، مٹھی، عمر کوٹ سمیت دیگر علاقوں میں اپنے دورے کے دوران کچھ خامیوں کی نشاندہی کی ہے، ان کو دور کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور آئندہ 10 روز کے بعد میں ان تمام علاقوں کا دوبارہ دورہ کرکے تمام خامیوں کا حل دیکھنا چاہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ای روشن علی شیخ، چیف انجنئیر سکھر شمش الدین شیخ، چیف انجنئیر حیدرآباد اکبر بلوچ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے پی ایچ ای کے تحت صوبے بھر میں جاری تمام اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ لی اور ان اسکیموں پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ صوبے میں پی ایچ ای کے تحت روان مالی سال کے لئے جو اسکیمیں بنائی گئی تھی ان کو اس مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ تھرپارکر میں 100 سے زائد نئے آر او پلانٹ کی اسکیم جس کو 2021 تک مکمل ہونا ہے، ان کو بھی اسی سال جون 2019 میں مکمل کرلیا جائے گا۔ صوبائی وزیر کو سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ میں جاری اسکیموں کے ساتھ ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کے لئے اسکیموں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیر بلدیات و پی ایچ ای سعید غنی نے کہا کہ میں نے ہفتہ اور اتوار کے دو دنوں کے دوران لاڑکانہ، نوابشاہ، سکھر، تھرپارکر، مٹھی، عمر کوٹ سمیت دیگر اضلاع میں پبلک ہیلتھ کے تحت جاری اسکیموں کا جائزہ لیا ہے بالخصوص نوابشاہ میں فلٹریشن اور سیوریج کی اسکیموں کا معائنہ کیا ہے اور ان میں کچھ خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میں نے تھرپارکر میں مٹھی کے مقام پر 20 لاکھ گیلن یومیہ پانی کے آر او پلانٹ کا بھی معائنہ کیا لیکن وہ پلانٹ ابھی بھی اپنی استدعات کے مطابق پورا پانی فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ان تمام خامیوں کو آئندہ ایک ہفتہ کے اندر اندر ختم کرکے تمام آر او اور فلٹریشن پلانٹس کو ان کی طے شدہ استدعات کے مطابق چلانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوںنے سیکرٹری پی ایچ ای روشن شیخ کو ہدایات دی کہ وہ اس سلسلے میں تمام منصوبوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور ایک ہفتہ میں تمام رپورٹ مرتب کریں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ وہ آئندہ 10 روز کے بعد دوبارہ ان علاقوں اور ان تمام اسکیموں کا دورہ کریں گے اور تمام خامیوں جن کی نشاندہی کی گئی تھی ان کا سدباب ہوتا دیکھیں گے۔