دنیا کا وہ واحد شخص جس نے ”خلاء“ میں روزہ رکھا اور جب سعودی عرب میں عید کا اعلان ہوا تو وہ حیرت زدہ کیوں رہ گیا؟ دلچسپ انکشاف جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

دنیا کا وہ واحد شخص جس نے ”خلاء“ میں روزہ رکھا اور جب سعودی عرب میں عید کا ...
دنیا کا وہ واحد شخص جس نے ”خلاء“ میں روزہ رکھا اور جب سعودی عرب میں عید کا اعلان ہوا تو وہ حیرت زدہ کیوں رہ گیا؟ دلچسپ انکشاف جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں ماہ رمضان کا آغاز ہو چکا ہے اور پاکستان میں بھی آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس دنیا میں کم از کم ایک ایسا شخص بھی ہے جس نے زمین سے باہر خلاءمیں روزہ رکھا؟
جی ہاں! 1985ءمیں خلا ءکا سفر کرنے والے پہلے عرب خلاءباز شہزادہ سلطان بن سلمان نے 1405 ہجری کے رمضان میں امریکی سپیس شٹل ڈیسکوری کے سفر کے دوران روزہ رکھا اور کچھ عرصہ قبل انہوں نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بارے میں اپنے تاثرات سے آگاہ کیا۔
شہزادہ سلطان بن سلمان نے بتایا کہ وہ 29 ویں روزے کے دن ناقابل فراموش خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے اور یہ ایک ناقابل فراموش تجربہ تھا۔ سفر کے دوران انہوں نے 6 دن میں قرآن مجید کو ختم کیا اور اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنے سونے کا وقت مختص کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا ”اس سال رمضان کا مہینہ گرم موسم میں آیا تھا، میں ہیوسٹن میں سپیس سینٹر میں اس سفر کیلئے خصوصی تربیت لے رہا تھا، تربیت کے دوران ہمیں شدید گرمی اور پیاس کی کیفیات سے گزارا گیا،یہ سفر پہلے 24 رمضان کو شیڈول تھا مگر 29 ویں روزے تک التوا میں چلا گیا۔“
ان کا کہنا ہے کہ اس تربیت کے دوران وہ روزے رکھتے رہے اور ناسا کے ڈاکٹرز نے روزے سے ان کی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا تجزیہ بھی کیا۔ 29 ویں روزے کو وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ خلائی شٹل پر روزہ رکھ کر سوار ہوئے جبکہ خلا میں روزے کے اوقات کے حوالے سے انہوں نے سعودی عالم شیخ عبدالعزیز بن باز سے مشورہ بھی کیا۔
سعودی شہزادے کا کہنا تھا ”مذہبی عالم نے مجھے بتایا کہ میں سحر اور افطار اس وقت کے مطابق کروں جہاں سے میں روزہ رکھ کر سفر پر روزانہ ہوا تھا، میں نے اپنا سفر فلوریڈا سے کیا تھا۔ اس امریکی ریاست میں سورج غروب ہونے کا وقت ذہن میں رکھ کر افطار کیا اور پھر ریڈیو پر سنا کہ سعودی عرب میں اگلے دن عید ہے۔“
انہوں نے بتایا کہ اس روز میں نے خلاءمیں دیکھا اور کہیں بھی نیا چاند نظر نہیں آیا بلکہ اگلے دن نئے چاند کو دیکھا اور سعودی سائنسی ٹیم کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے بعد سعودی حکام نے تحقیقات کرکے تصدیق کی کہ رمضان کا ایک روزہ رہ گیا ہے اور اس کا کفارہ ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے اس خلائی سفر کے دوران نمازیں زمین کے اوقات کے مطابق پڑھیں جبکہ وضو کیلئے گیلے نیپکن کا استعمال کیا کیونکہ وہاں کشش ثقل نہ ہونے کی وجہ سے پانی سے وضو کرنا مشکل تھا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -