بھارت پاکستان کو نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے: عمران خان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کونشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔عمران خان نے اپنے بیان میں دنیا کو ایک بار پھر خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حملے کے لیے مسلسل بہانہ تراشنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کونشانہ بنانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے اور بھارت کے ایل او سی پر دراندازی کے تازہ بے بنیاد الزامات اسی خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی مشترکہ فاشسٹ پالیسیاں پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں لہذا بین الاقوامی برادری بھارت کی خطرناک حرکات سے پہلے کارروائی کرے۔گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھی پاکستان پر بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد اور غیر سنجیدہ الزامات لگا رہا ہے۔زیراعظم نے کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، خدمت کا یہی جذبہ ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے۔وزیراعظم سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی ہے جس میں مسلم ممالک کے مابین تہذیب و ثقافت شعبے میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن، معاشرتی خصائل اجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے، انسانیت کے احترام، احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے، دنیا میں کہیں بھی مقیم پاکستانی مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیربرائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور چئیرمین حبیب بنک سلطان علی الانہ نے ملاقات کی جس میں چئیرمین حبیب بنک سلطان علی الانہ نے وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے موجودہ حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ سلطان علی الانہ نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام نہایت شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلانے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی ۔وزیرِ اعظم نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو مستحقین تک پہنچانے میں حبیب بنک کی خدمات اور معاونت کو سراہا۔وزیر بحری امور نے وزارت کے معاملات خصوصاً کورونا وائرس کی صورتحال اور اس دوران بندگاہوں و دیگر منسلک معاملات کے حوالے سے مختلف اقدامات پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی۔وزیرِ بحری امور نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر بندرگاہوں میں جہازوں کے زیادہ دیر ٹھہرنے کی صورت میں پڑنے والے ہرجانے (ڈیمرج) کو معاف کرنے کی تجویز اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے منظور کر لی گئی ہے۔ای سی سی سے منظوری کے بعد کابینہ سے اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کی جائے گی یہ رعایت 31 مئی تک فراہم کرنے کی سفارش منظور کی گئی ہے۔ وزیرِ بحری امور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کورونا وائرس کی مشکل صورتحال کے باوجود بھی ملکی بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا گیا ہے جبکہ خطے کی دیگر بڑی بندرگاہیں اس دوران بندش کا شکار رہی ہیں۔
عمران خان