کورونا وبا ء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑ یں: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سماجی فاصلے برقرار ر رکھنا اور ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں سے ایک بار پھر اپیل کرتاہوں کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔کورونا سے بچنے کا واحد حل گھروں میں رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد عوام کو کورونا سے بچانا ہے۔ شہری لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری طور پر گھر وں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء سید صمصام بخاری، ملک اسد کھوکھر، نعمان لنگڑیال، سردار آصف نکئی، سردار محمد سبطین خان، رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس اور سابق رکن اسمبلی رائے حسن نواز شامل تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کے حوالے سے مزید موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے لہٰذا یہ آپ کی قومی ذمہ داری ہے کہ اپنی تمام ترکوششیں موجودہ غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو موجودہ حالات میں بے روزگار ہونے والوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے،احساس کفالت پروگرام کے تحت ضرورت مند شہریوں کو 12 ہزار روپے کی رقم انتہائی شفاف طریقے سے دی جا رہی ہے جبکہ چیف منسٹر رمضان پیکیج کے تحت مستحق افراد کو 3 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی جبکہ10 لاکھ خاندان چیف منسٹر رمضان پیکیج سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے اور گندم خریداری مہم میں بھی فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں، منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں اور کاشتکاروں کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش مسیحاؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحصیل حاصل پور کے علاقے قائم پور کے دیہی مرکز صحت کے آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ (او ٹی اے) محمد صادق کی جانب سے مریض کے تیماردار سے ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر دیہی مرکز صحت قائم پور کے او ٹی اے محمد صادق کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی۔
عثمان بزدار