مسلم لیگ (ن) کا 18ویں ترمیم میں تبدیلی کی مخالفت کا فیصلہ

  مسلم لیگ (ن) کا 18ویں ترمیم میں تبدیلی کی مخالفت کا فیصلہ

  

لاہور (جنرل رپورٹر،آئی این پی،این این آئی) مسلم لیگ (ن)نے 18ویں ترمیم میں تبدیلی کی مخالفت کا فیصلہ کرلیا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیر صدارت اہم پارٹی اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا، جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید اور سعد رفیق سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 18ویں ترمیم آئین کا حصہ ہے، ن لیگ اس میں تبدیلی کے حق میں نہیں۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) ترمیمی آرڈیننس پر جب حکومت لائحہ عمل اپنائے گی تب ن لیگ اپنا ردعمل دے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ شہباز شریف اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیب کی کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) بطور جماعت اس سے مرعوب نہیں ہو گی۔اجلاس میں پارٹی امور اور سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مختلف قومی معاملات پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسمبلیوں سے اپوزیشن جماعتوں کے استعفیٰ دینے کی کوئی بات زیر غور نہیں آئی۔بعدازاں مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ عمران خان کی ٹائیگر فورس توغائب ہے لیکن نوازشریف کے شیر گلیوں محلوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں عوا م کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے مستحق افراد کی بڑھ چڑھ کر مددکریں۔ پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیر نے پارٹی صدر کو مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کی جانب سے کورونا ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی دی گئی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دارطبقہ کی ہرممکن مدد کریں، کورونا وائرس کے حوالے سے ریلیف ورک کامقصد اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا ہے،ارکان اسمبلی و لیگی رہنما عوام کوریلیف دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پرارکان اسمبلی کی ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔شہبازشریف نے کہا کہ میں خود اس کی نگرانی کررہا ہوں۔

مسلم لیگ ن

مزید :

صفحہ اول -