آئندہ چند روز میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے: حبیب الرحمن لغاری

آئندہ چند روز میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے: حبیب الرحمن لغاری

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین سردار حبیب الرحمن خان لغاری نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کی موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے آئندہ چند روز میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے،کیونکہ محکمہ خوراک نے اس وقت خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کیلئے آٹے کی فراہمی روک رکھی ہے۔گزشتہ روزپاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن کی ڈویژنل باڈی کا ہنگامی اجلاس سابق چیئرمین فلور ملز ایسو سی ایشن پنجاب سردار حبیب الرحمن خان لغاری کی زیر صدرات منعقد ہوا اجلاس میں محکمہ خوراک کی غیر مؤثر پالیسی بارے خصوصی گفتگو ہوئی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار حبیب الرحمن لغاری نے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں کو منظور کردہ 72گھنٹے کا کوٹہ نہیں رکھنے دیا جا رہا ہے جس سے فلور ملیں طلب کے حساب سے آٹا بنانے سے قاصر ہیں، محکمہ خوراک کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتاہے کہ روزمرہ کے استعمال کیلئے فلور ملوں کو اپنے ہی ضلع سے بھی گندم فلور ملز تک لانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک اپنی پالیسی واضح کرے کیونکہ جب فلور ملوں کوگندم ہی فراہم نہیں کی جائے گی تو اوپن مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کیسے ممکن بنائی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت محکمہ خوراک کی ناقص پالیسی کے باعث جنوبی پنجاب کی بیشتر فلور ملیں بند ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے اس غلط اور غیرقانونی اقدام کے خلاف ہم نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ خوراک کی موجودہ پالیسیوں کے باعث آنے والے چند ہی دنوں میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے حبیب الرحمن خان لغاری نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک نے اس وقت کے پی کے اور بلوچستان کیلئے آٹے کی فراہمی روک رکھی ہے جس سے جنوبی پنجاب کی فلور ملیں بند ہوچکی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو ممکنہ بحران کی طرف دھکیل رہا ہے یہ عمل خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے سردار حبیب الرحمن خان لغاری نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعد کے پچھتانے سے قبل از وقت سنبھل جانا دانش مندی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کی ناقص پالیسیوں بارے وہ بہت جلد ہی چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک سے ملاقات کر کے انہیں ساری صورت حال سے آگاہ کریں گے۔

مزید :

کامرس -