وزیر اعلیٰ پیکیج کے تحت جلد مستحقین میں امداد تقسیم کی جائے گی‘ مسرت جمشید

  وزیر اعلیٰ پیکیج کے تحت جلد مستحقین میں امداد تقسیم کی جائے گی‘ مسرت جمشید

  

لاہور(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ انصاف امداد پیکج کے تحت بھی بہت جلد مستحقین میں بلا تفریق امداد کی تقسیم کا عمل شروع کیا جارہا ہے جس میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشگی عملی اقدامات کا آغاز کیا اورایمرجنسی کی طرز پر اقدامات اور فنڈز مختص کئے گئے،کرپٹ لیگ کے ترجمان جھوٹے پراپیگنڈے سے پہلے حالیہ دنوں میں آنے والے سروے کی رپورٹس دیکھ لیں جس سے ان کے اندر سلگنے والی تعصب کی آگ ٹھنڈی پڑ جائے گی۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جبکہ وینٹی لیٹرز اور دیگر حفاظتی سامان کی خریداری کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے بے پناہ وسائل مختص کئے گئے ہیں لیکن سابقہ دور کی طرح کرپشن کرنے کیلئے ہرگز کوئی فنڈز مختص نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی میں کیڑے نکالنے والے حالیہ دنوں میں آنیوالے سروے کی رپورٹس دیکھ لیں جس سے حقائق واضح ہو جائیں گے اور ان کے اندر سلگنے والی تعصب کی آگ بھی ٹھنڈی پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں وفاق نے تمام صوبوں کی کسی سیاسی تفریق کے بغیر مدد کی ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ قوم میں اتحاد کی بجائے نفاق پیدا کرنا کرپٹ لیگ کا ایجنڈا ہے جو ہمیشہ کی طرح ناکام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عوام کی خدمت کی مثالیں قائم کی ہیں اور کارکردگی کے میدان میں نام نہاد خادم اعلیٰ کو پچھاڑ دیا ہے،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزد ار کے خلاف جھوٹے اور منفی پراپیگنڈے کی ناکامی پر لیگی ترجمانوں کو ہر روز اپنی قیادت سے ڈانٹ پڑتی ہے۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -