اس برس کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز مسترد

اس برس کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز مسترد

  

اسلام آباد (این این آئی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال کیلئے کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کی تجویز مسترد کر تے ہوئے وزارت غذائی تحفظ کو 82 لاکھ ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرنے اور وزارت بجلی کو بجلی کارخانوں کو 300 ارب روپے کی ادائیگی کا شفاف طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت،پانچ سرکاری اداروں کیلئے ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بدھ کو اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا کمیٹی نے وزارت غذائی تحفظ اور تحقیق کو سرکاری طور پر گندم کی خریداری کا 82 لاکھ ٹن گندم کا حاصل کرنے کی ہدایت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ فی الحال ہدف کا 48 فیصد 40 لاکھ ٹن گندم خریدی جا چکی ہے،کمیٹی نے گندم خریداری ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پاسکو اور صوبائی محکمہ خوراک کی نگرانی کی ہدایت کی۔وزارت غذائی تحفظ کو تین ہفتوں بعد گندم کی پیداوار اور خریداری پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمیٹی نے فلور ملز کو گندم کی خریداری گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل کی اجازت دینے کی بھی منظوری دی تاہم کمیٹی نے ہدایت کی کہ گندم کی دوسرے ممالک کو سمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات لیئے جائیں،اجلاس میں کپاس کی امدادی قیمت پر غور کیا گیا تاہم کمیٹی نے اس کی منظوری نہ دی اور کمیٹی نے کپاس کے بیج اور ریسرچ کو بہتر بنانے کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کر لیں،کمیٹی نے وزارت بجلی کو بجلی کارخانوں کو 300 ارب روپے کی ادائیگی کا شفاف اور جائز طریقہ کار آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی،کمیٹی نے پاور ہولڈنگ کمپنی کے 136 ارب 46 کروڑ روپے کے قرض کو حکومت کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی،کمیٹی نے کمپنی کیلئے لئے گئے 41 ارب روپے کے قرض کیلئے حکومتی ضمانت دینے کی منظوری دے دی،کمیٹی نے بجلی والی گاڑیوں کیلئے مراعات کیلئے قائم کمیٹی کی صدارت سے مشیر تجارت عبدالرازق داؤد کو ہٹا کر وزیر صنعت حماد اظہر کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا کمیٹی نے بندرگاہ پر درآمدی مال کا فری پیریڈ 5 دن سے بڑھا کر 15 دن کرنے کی منظوری دے دی،کمیٹی نے گودار ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے پاکستان کوسٹ گارڈز کو جگہ خالی کرنے کیلئے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کرنے کی منظوری دے دی،کمیٹی نے پانچ مختلف اداروں کی طرف سے ضمنی گرانٹس کی درخواستوں کی منظوری دے دی، کمیٹی نے وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے وفات پا جانے والے سینئر پرائیویٹ سیکریٹری رئیس انور عباسی کے خاندان کیلئے ایک کروڑ 47 لاکھ روپے کی امداد جاری کرنے کی منظوری دے دی میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کیلئے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی

مزید :

صفحہ آخر -