وقت نے وزیر اعظم عمران خان کی رائے کو درست ثابت کیا،علیم خان

وقت نے وزیر اعظم عمران خان کی رائے کو درست ثابت کیا،علیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وقت کیساتھ وزیر اعظم عمران خان کی رائے درست ثابت ہوئی، اسیلئے 82فیصد شہریوں نے حکومتی پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملک کورونا وائرس کے مقابلے کے لحاظ سے بہتر ملکوں کی فہر ست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔انہوں نے اس امر پربھی اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ ایک ماہ میں مزید22فیصد لوگوں کی رائے مثبت ہوئی ہے۔عبدالعلیم خا ن نے گیلپ سروے کی رپورٹ کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کورونا سے درست طریقے سے نمٹنے کا اعتراف باعث اطمینا ن ہے،اب وقت آ گیا ہے ملکی معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے لاک ڈاؤن میں نرمی برتی جائے۔ ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک بھی اتنے لمبے لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکے لیکن پاکستان میں وفاق اور پنجاب کی حکومتوں نے بہتری پالیسی اپنائی، سختی اور نرمی کو بیک وقت لاگو رکھ کر حالات قابو میں رکھے۔ حکومت کے بارے میں غیر جانبدار مبصر اداروں کی مثبت رپورٹس خوش آئند ہیں، ان مشکل حالات میں بھی پاکستانی برآمدات میں 2.5فیصد اضافہ حوصلہ افزاء امر ہے۔ عوام نے بھی ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا،انشاء اللہ رواں ماہ میں کورونا وائرس کی وبا آہستہ آہستہ کمی کی طرف جائے گی، لوگوں کو بتدریج ریلیف حاصل ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم نے مشکل حالات میں دانشمندی سے کام لیا جبکہ اپوزیشن نے صرف تنقید برائے تنقید کی پالیسی اپنائی۔ کورونا جیسے عالمی وبائی مسئلے کے سامنے کیلئے ہم سب کو متحد ہوکر آگے آنا ہوگا، ذاتی اور پارٹی کے مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کیلئے سوچنا ہوگا۔ ملک جلد مشکل صورتحال سے نکلے گا اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر رواں دواں ہوگا۔

علیم خان

مزید :

صفحہ آخر -