پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی گراوٹ کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا: سراج الحق

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی گراوٹ کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا: ...

  

لاہور (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی گراوٹ کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچنے دیا گیا،حکومت اوگرا کی سفارش پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ کردیتی ہے مگر جب کمی کرنے کا وقت آتا ہے تو اوگرا سمیت کسی کی نہیں سنتی۔پوری دنیا کرونا کی وبا میں اپنے عوام کی خدمت کررہی ہے اور ہماری حکومت اس موقع پر بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں لگی ہوئی ہے۔ حکمران بتا رہے ہیں کہ ملک میں کرونا کی وجہ سے ایک کروڑ اسی لاکھ لوگ بے روز گار اور سات کروڑ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے مگر اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی سطح پر کیا کیا جارہا ہے وزیر اعظم بتانے کو تیا رہیں نہ وزراء اس پر بات کرتے ہیں۔ وفاق اور صوبوں میں جاری کشمکش اور چپقلش سے نقصان عوام کا ہورہا ہے۔لوگ حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ انہیں کچھ ریلیف ملے گا مگر حکمران ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے ہوئے ہیں۔دنیا بھر میں لاک ڈاؤن نرم،کاروبار،فیکٹریاں او رکارخانے چالو ہورہے ہیں مگر ہماری حکومت کی اب بھی کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم،نائب امراء اور ڈپٹی سیکرٹریزاور مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کرونا سے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں آپس میں لڑرہی ہیں۔اگر وفاق اور صوبے ایک پیج پر ہوتے اور مشترکہ حکمت عملی سے پورے ملک میں کرونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جاتے تو شاید اتنا لمبا لاک ڈاؤن نہ کرنا پڑتا۔حکومت نے دوماہ سے لاک ڈاؤن بھی کررکھا ہے جس سے عوام کی پریشانیاں اور مشکلات ناقابل بیان حد تک بڑھ چکی ہیں مگر اس کے باوجود کرونا متواتر پھیل رہا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -