کورونا کی وجہ سے کے الیکٹرک کا عملہ24گھنٹے الرٹ ہے، مونس علوی

  کورونا کی وجہ سے کے الیکٹرک کا عملہ24گھنٹے الرٹ ہے، مونس علوی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،”کے الیکٹرک کا عملہ کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش صورتحال کے باوجود 24 گھنٹے الرٹ ہے جس نے اس صورت حال کے دوران فوری طور پربجلی کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جبکہ کے الیکٹرک کے سی ای او، مونس علوی اور متعلقہ سینئر مینجمنٹ نے بحالی کے نظام کی براہ راست نگرانی کی۔ یہاں،اِس بات کوواضح کرنا ضروری ہے کہ پاور یوٹیلیٹی رمضان المبا رک کی وجہ سے سحر و افطار کے اوقات میں اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرر ہی ہے اور شہر کے کسی بھی حصے میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔“بدھ کی صبح،سحری کے بعد، 132kV کی ایک ٹرانسمیشن لائن ٹرپنگ کے باعث نارتھ کراچی، سرجانی، ولیکا، اورنگی اور حب سمیت کراچی کے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا گیا اور ایک گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندرتمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔تاہم ٹرپنگ یا علاقائی فالٹس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں معمولی تعطل آسکتا ہے، بالخصوص اِس حقیقت کی موجودگی میں کہ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر،کے الیکٹرک کو مارچ کے شروع میں، اپنے سسٹم پر سالانہ ترقیاتی کام مجبوراً معطل کرنا پڑا تھا تاکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے اپنے گھروں میں موجودصارفین کو ضرورت کے اس وقت میں، بجلی کی متواتر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اس وقت، بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی کے الیکٹرک کی اولین ترجیح ہے اور ہم اپنے معززصارفین سے تعاون کی درخواست کرتے ہیں تاکہ ہم سب مل کر اس مشکل گھڑی سے نکل سکیں۔“

مزید :

صفحہ آخر -