پیف سکولز مالکان کا تونسہ میں وزیراعلی ہاؤس کے باہر دھرنا

پیف سکولز مالکان کا تونسہ میں وزیراعلی ہاؤس کے باہر دھرنا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (خصو صی رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی طرف سے سکولز کو کئی ماہ سے عدم ادائیگیوں کے خلاف پیف سکولز اتحادپنجاب کے زیر اہتمام تونسہ شریف میں وزیر اعلی ٰ ہاؤس کے باہر دھرنادیا گیا‘100سے زائد سکولز مالکان کیخلاف مقدمہ‘8کو گرفتار کرلیا گیا‘ ظلم اور نا انصافیوں کے خلاف مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی طرف سے پیف پارٹنر سکولز کو کئی ماہ سے ادائیگیاں نہیں کی گئیں اور مختلف حیلے بہانوں سے پریشان کیا جارہا ہے جس کے خلاف پیف سکولز اتحاد پنجاب نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس تونسہ شریف کے باہر دھرنا دے دیاجس کی قیادت فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز پنجاب کے چیئرمین فرید خان بنگش نے کی اوردیگر تمام عہدیداروں کے علاوہ(بقیہ نمبر5صفحہ6پر)

جنوبی پنجاب بھر سے پیف سکولز مالکان نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں نیو کالج روڈ سے کلمہ چوک تک ریلی نکالی گئی‘ بعد میں ریلی کے شرکا نے وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کی رہائش گاہ کے سامنے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹریفک بلاک ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں‘ مظاہرین نے پیف سکولز مالکان‘ اساتذہ و سٹاف کے ساتھ نا انصافیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی-صوبائی وزیر تعلیم کی برطرفی کا مطالبہ کردیا۔ فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز پنجاب کے چیئرمین فرید خان بنگش‘ مہر محمد شفیق‘ رانا محمد گجر‘ جعفر حسین بھٹہ‘ بلال حسنی‘شیخ محمد اکرم‘فیاض خان بلوچ‘امان اللہ سنڈھل اور راؤ محمد عتیق نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیف پارٹنرسکولز کو کئی ماہ سے عدم ادائیگیوں کے باعث مالی صورتحال گھبیر ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ ومعلمات کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ہو سکی۔بار بار یقین دہانیوں کے باوجود ارباب اختیار نے کچھ نہیں کیا اور مسلسل ٹال مٹول سے کام لیاجارہا ہے جس پر مجبوراً احتجاجی پروگرام تشکیل دیا۔اگلے مرحلے میں 8مئی کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران باہر احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا اور دھرنا دیاجائے گا جس میں صوبہ بھر سے پیف سکولز مالکان‘ اساتذہ وسٹاف بھی شرکت کرے گااور اگر عید الفطر سے پہلے پیف سکولز کے تمام واجبات ادا نہ کئے گئے تو پھر پیف سکولز مالکان عید الفطر اسلام آباد میں بنی گالہ کے باہر گزاریں گے جہاں احتجاجی کیمپ لگایاجائے گا‘ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے ہم اپنے جائز حق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلی ٰ پنجاب سے مطالبہ کیاکہ گھمبیر صورتحال کا نوٹس لیں اور پیف سکولز کو فوری ادائیگیاں کرائیں. اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری آگئی اور مظاہرے میں شامل 8پیف سکولز مالکان کو گرفتار کرلیاجبکہ 100سے زائد سکولز مالکان کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعات341،188،148،149ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔چیئرمین فرید خان بنگش نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے ہمیں انصاف تو نہیں دیا لیکن حق مانگنے پر متاثرین کیخلاف مقدمہ اور گرفتاریاں ضرور کی ہیں.انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ فوری ختم اور گرفتار مظاہرین کو رہا کیا جائے ورنہ صورتحال اور بگڑے گی اور احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیل جائے گا۔ دریں اثنا وزیر اعلی ٰ سردار عثمان بزدار کے قریبی عزیز وڈی جی خان شکایات سیل کے انچار ج پروفیسر اظہر خان بزدار نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ پیف سکولز کا مسئلہ وزیر اعلی ٰ سردار عثمان بزدار کے نوٹس میں لا کر جلد از جلد حل کرایا جائے گا۔ انہوں نے مقدمہ ختم اور مظاہرین کو رہا کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔