ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے ملتوی شدہ امتحانات13مئی سے کرانیکا فیصلہ

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے ملتوی شدہ امتحانات13مئی سے کرانیکا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے کورونا کے باعث ملتوی کیے گئے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور دیگر میڈیکل پروفیشنل امتحانات 13مئی سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔بدھ کے روز جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔کورونا وائرس کے پیش نظر امتحانات کے انعقاد کے لیے خصوصی ایس او پیز(SOPs)تیار کیے گئے ہیں۔ امتحانی عملہ ان ایس او پیز(SOPs)پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔

  مارچ کے وسط میں ملتوی کیے گئے امتحانات میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ایم فل اور بی ایس سی کے امتحانات شامل تھے۔یہ امتحانات اب 13مئی سے شروع ہو جائیں گے۔امتحانات کی ڈیٹ شیٹ یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔یونیورسٹی کے طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز(SOPs)کے مطابق امیدواروں اور امتحانی عملے کیلئے فیس ماسک اور دستانے لازمی قراردیے گئے ہیں۔تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں کی ٹمپریچر سکریننگ کے مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔امتحانی مراکز پر ہینڈ سینٹرائزربھی موجود ہوں گے۔امیدوار بھی اپنے ساتھ ہینڈسینٹرائزر کی چھوٹی بوتل لاسکتے ہیں۔کمرہ امتحان میں امیدواروں کے درمیان کم از کم 2میٹر کو فاصلہ رکھا جائے گا۔امتحانی مراکز کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔پریکٹیکل امتحانات کے دوران وارڈ یا لیب میں ایک ہی وقت میں 5سے زائد امیدواروں کی اجازت نہیں ہوگی۔امتحان سے پہلے امتحانی مراکز کو ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ فیصلہ زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران امیدوروں اور عملے کو انفیکشن سے بچانے کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔امید کرتے ہیں کہ طلبہ اور ان کے والدین یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کریں گے۔