مستحقین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا،ایڈون سہوترا

مستحقین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا،ایڈون سہوترا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سے پیپلز پارٹی کے اقلیتی ونگ کے رہنما ایڈون سہوترا نے پیپلز پارٹی پنجاب آفس میں ملاقات کی اور انہیں لاک ڈاؤن کے دوران بے روز گار ہونے والی فیملیوں میں اپنی جانب سے دئیے گئے امدادی سامان کے بارے میں بریف کیا۔ایڈون سہوترا نے قمر زمان کائرہ کو بتایا کہ میں نے آپکی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جب سے لاک ڈاؤن ہوا ہے تب سے لیکر اب تک لاکھوں روپے کا راشن مستحق لوگوں کے گھروں میں پہنچایا ہے جبکہ رمضان میں بھی مسلمان بہن بھائیوں کے گھروں میں سحری اور افطاری کے لئے راشن دیا جارہا ہے۔


جبکہ ہم نے بے نظیر شہید کے نام سے مفت دستر خوان بھی لگایا جہاں پر سحری اور افطاری کے وقت مفت کھانے تقسیم کئے گئے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے ایڈون سہوترا کو شاباش دی اور کہا کہ وہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدائت پر عمل کرتے ہوئے اسی طرح سے مستحقین کی مالی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں پیپلز پارٹی غریبوں مزدورں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی نمائندہ جماعت ہے ہم نے مشکل وقت میں اپنے غریبوں کا خیال رکھنا ہے اور جہاں تک ممکن ہو سکے ان کی امداد کا سلسلہ بھی جاری رکھنا ہے۔