حکومت پہلے مرحلے میں جامعات کو کھولے،نور اللہ صدیقی
لاہور(پ ر)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیمی نقصان ہورہا ہے، حکومت پہلے مرحلے میں یونیورسٹیز کو کھول دے اور پھر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بتدریج کالجز،سکولز کو بھی کھول دیا جائے، پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور لاکھوں خاندانوں کا روزگار بھی خطرے میں پڑ چکا ہے، حکومت پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر کے لیے بھی خصوصی پیکیج دے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر میں ہر گروپ یا سکول لاکھوں، کروڑوں میں کماتے ہیں۔
، اس حوالے سے لاکھوں سکول ایسے بھی ہیں جو معمولی فیس کے ساتھ تعلیم فراہم کررہے ہیں، حکومت کو اس حقیقت کا اعتراف کرنا ہو گا کہ وہ پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر کی مدد کے بغیر شرح خواندگی اور معیار تعلیم کا کوئی ہدف بھی حاصل نہیں کر سکتی،شرح خواندگی میں اضافہ میں پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے جہاں طلباء کا نقصان ہورہاہے وہاں اس شعبہ سے وابستہ لاکھوں خاندان بھی بیروزگاری کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔