پیدا ہونے کے بعد پھینکی گئی نومولود بچی دم توڑ گئی

پیدا ہونے کے بعد پھینکی گئی نومولود بچی دم توڑ گئی
پیدا ہونے کے بعد پھینکی گئی نومولود بچی دم توڑ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک) شہر قائد میں رمضان المبارک کی بابرکت اور پرنورساعتوں ایک ایسی نومولود بچی نے دم توڑدیا جسے پیدا ہونے کے بعد پھینک دیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس حکام خدشہ ظاہرکر رہے ہیں کہ نومولود بچی کو پیدا ہونے کے بعد قریبی آبادی سے پھینکا گیا تھا۔ چینل ذرائع کے مطابق پھینکے جانے کے باعث نومولود بچی معمولی زخمی بھی ہوئی تھی لیکن زخم زیادہ گہرے نہیں تھے مگر بعد میں وہ جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔اورنگی ٹائون پولیس نے نومولود بچی کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

مولانا عبدالستار ایدھی مرحوم نے بہت عرصہ قبل اپنے سینٹرز کے باہر جھولے لگوائے تھے اورعوام الناس سے اپیل کی تھی کہ نومولود بچوں کو پھینکنے یا قتل کرنے کے بجائے ان جھولوں میں بنا بتائے ڈال دیا جائے تو ان کا ادارہ بچوں کی پرورش کرے گا۔مولانا عبدالستار ایدھی نے یہ یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ جھولے میں بچہ یا بچی کو ڈالنے والے سے کسی بھی قسم کا کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔ایدھی سینٹرز کے باہر نصب کیے جانے والے جھولے آج بھی موجود ہیں اوران جھولوں میں ڈالے جانے والے بچوں کی پرورش ایدھی فائونڈیشن کرتی ہے۔

ملک میں ایسے بے اولاد جوڑے بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جو ملنے والے نومولود بچوں کو گود لینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ایسے بے اولاد جوڑوں نے باقاعدہ ایدھی فائونڈیشن اور چھیپا ویلفیئر سمیت دیگر اداروں میں اپنی رجسٹریشن بھی کرائی ہوئی ہوتی ہے تاکہ جیسے ہی کوئی ایسا بچہ یا بچی ملے جسے والدین رکھنے پہ آمادہ نہ ہوں تو وہ انہیں گود لے لیں۔