”انگلینڈ کیخلاف بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ کھیلنے پر تیار ہیں“ مصباح الحق نے کس وجہ سے رضامندی ظاہر کی؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ انگلینڈ میں بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے باعث گھروں میں محصور لوگوں کو ٹی وی پر کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آ سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جولائی کے آخر میں انگلینڈ کے ساتھ 3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر بھی غیر یقینی کے سائے موجود ہیں، البتہ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے گھروں میں محصور اداس شائقین کیلئے بند دروازوں کے پیچھے ہی سیریز منعقد کرنے کا کہہ دیا ہے۔
مصباح الحق نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ تماشائیوں کے بغیر کھیلنا کسی بھی صورت میں آئیڈیل نہیں ہے کیونکہ وہ کسی بھی کھیل کا بنیادی حصہ ہوتے ہیں لیکن اگر ہم دوسری جانب دیکھیں تو دنیا بھر میں شائقین لاک ڈاﺅن کی وجہ سے اپنے گھروں میں محصور ہیں اور کہیں بھی میچز نہیں رہیں۔
انہوں نے کہا لوگوں کے پاس کورونا کی خبروں کے علاوہ دیکھنے کو اور کچھ نہیں ہے، اس صورتحال میں اگر ہم کھیل دوبارہ شروع کرتے ہیں تو کم سے کم انہیں ٹی وی پر تو کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آئے گا، اگر ہم مناسب حفاظتی اقدامات کرکے یقینی بناتے ہیں کہ کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا تو پھر یہ سیریز بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہونا چاہیے۔