امریکہ نے چاند سے کمائی کرنے کا حیران کن منصوبہ بنا لیا

امریکہ نے چاند سے کمائی کرنے کا حیران کن منصوبہ بنا لیا
امریکہ نے چاند سے کمائی کرنے کا حیران کن منصوبہ بنا لیا

  

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے مبینہ طور پر خلاءنوردوں کو چاند پر جا کر کھدائی کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ۔ ڈیلی سٹار کے مطابق امریکہ چاند پر کان کنی کے ذریعے قیمتی دھاتیں اور دیگر نکالنے کے حوالے سے ایک بین الاقوامی معاہدہ کرنے جا رہا ہے، جس کا مسودہ تیار ہو چکا ہے اور صدر ٹرمپ کا یہ حکم اسی معاہدے کا ایک حصہ ہے۔ اس معاہدے میں چاند پر سیفٹی زونز بنائے جائیں گے۔کوئی ایک ملک کسی دوسرے ملک کے سیفٹی زون کے قریب کھدائی نہیں کر سکے گا اور اگر ایسا کرنا چاہے گا تو پہلے اسے اس ملک سے مشاورت کرنی ہو گی۔

اس معاہدے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ چاند کے کسی بھی حصے پر کسی بھی ملک کی خودمختاری نہیں ہو گی اور کوئی ملک چاند کے کسی حصے کا مالک قرار نہیں پائے گا۔ ان سیفٹی زونز کے ذریعے مختلف ممالک اور گروپوں کے درمیان چاند کی سطح پر کھدائی کے لیے باہم تعاون کیا جائے گا۔تاکہ سب لوگ ایک دوسرے سے محفوظ فاصلے پر کھدائی کریں اور چاند کی سطح سے وسائل نکالیں۔

امریکہ اس حوالے سے کینیڈا، جاپان، یورپی ممالک اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ممکنہ طور پر معاہدے کر سکتا ہے۔ تعلقات میں تلخی کی وجہ سے امریکہ روس کو اس معاہدے سے باہر رکھنا چاہتا ہے۔تاحال اس بین الاقوامی معاہدے کا مسودہ کسی دوسرے ملک کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی خلائی تحقیقاتی ادارہ ناسا اگلے 10برسوں میں چاند پر خلائی سٹیشن قائم کرنا چاہتا ہے اور خلاءبازوں کو وہاں رکھنا چاہتا ہے۔ اس بین الاقوامی معاہدے سے ناسا کو اس منصوبے میں بھی بہت مدد ملے گی۔

مزید :

بین الاقوامی -