مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر جمعۃ المبارک 8 مئی کو ملک بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اورکشمیری کمانڈر ریاض نائیکو کی شہادت کےخلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔

پاکستان سمیت دٍنیا بھر کے علماء و مشائخ اور  آئمہ و خطباء جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اورکشمیر کے نہتے مسلمانوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کریں اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی،  مولانا اسد زکریا قاسمی ، ،مولانا عبدالکریم ندیم ، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا اسید الرحمٰن سعید، پیر اسد حبیب شاہجمالی،  مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا محمد شفیع قاسمی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

قائدین نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 9ماہ کے ہولناک لاک ڈاون سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کررکھا ہے، کشمیر کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کے لئے اوچھے حربے استعمال کئے جارہے ہیں،وادی میں کشمیری نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے، دو روز قبل برہان وانی شہید کے جانشین ریاض نائیکو کی شہادت کا المناک واقعہ پیش آیا جس سے وادی میں حالات کشیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آٹھ لاکھ سے زائد فوج کی تعیناتی اور طاقت کے بدترین استعمال کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے، اسی لئے اب مودی سرکار اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈال کردراندازی جیسے بیہودہ الزامات پراتر آیا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ عالمی برادری مکار بھارت کی باتوں میں نہ آئے اور اہل کشمیر پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر عالمی ادارے آگے بڑھیں اور بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کو روکیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -