پاکستان جلد سکوک بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتاہے، وزیر خزانہ شوکت ترین
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آ ن لائن )وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نےعالمی جریدے کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جلد سکوک بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتاہے۔ مالی سال 2021میں مالی خسارہ 7 فیصدتک ہوگا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہرسال 20لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیداکرنے کی ضرورت ہوتی ہے،حکومت انفراسٹرکچرکے منصوبوں پراخراجات میں اضافے کاارادہ رکھتی ہے، مالی سال 2022میں پی ایس ڈی پی کیلئے 900ارب روپے رکھیں گے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ سال ملکی معیشت میں 5 فیصداضافے کی ضرورت ہے، آئندہ مالی سال مالی خسارہ ایک سے 1.5 فیصدتک ہوگاجبکہ گزشتہ مالی سال مالیاتی خسارہ 8.1فیصد تھا۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین سے چیئرپرسن پے اینڈ پینشن کمیشن نرگس سیٹھی نے ملاقات کی ہے جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے امور منظم اور مربوط کرنے کے معاملات پر گفتگو کی گئی جب کہ تنخواہوں اور پنشن کا نظام بہتر بنانے میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پے ایند پنشن کمیشن کی کاوشیں قابل قدر ہیں ،تنخواہوں اور پنشن کا نظام مساویانہ اور شفاف ہونا چاہئے ،سرکاری ملازمین کی تنخواہیں مربوط بنانے کیلئے واضح نظام ہونا چاہئے۔