دنیا کی تیز ترین زچگی کا ریکارڈ برطانوی لڑکی نے قائم کردیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک لڑکی نے محض 27سیکنڈز میں بچے کو جنم دے کر دنیا کی تیز ترین زچگی کا ریکارڈ قائم کر ڈالا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق برطانوی شہر باسنگ سٹوک اس 29سالہ لڑکی کا نام صوفی بگ ہے جو 38ہفتے کی حاملہ تھی جب اسے درد زہ لاحق ہوا اور گھر میں ہی بچے کی پیدائش ہو گئی۔ صوفی درد زہ لاحق ہونے پر اٹھ کر باتھ روم کی طرف گئی تاہم باتھ روم کے دروازے تک پہنچ کر ہی بچہ اس کے جسم سے باہر آنے لگا۔
ایسے میں صوفی کے پارٹنر کرس نے اس کی مدد کی ۔کرس نے اس کے پیٹ کو ایک ہی بار پُش کیا تھا کہ بچی کی پیدائش ہو گئی۔ صوفی اور کرس نے اپنی اس بیٹی کا نام ’ملی‘ رکھا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ملی کی پیدائش کی کہانی سوشل میڈیا پر سنائی جہاں لوگ اسے دنیا کی تیز ترین زچگی قرار دے رہے ہیں۔اپنی پوسٹ میں کرس نے بتایا کہ ملی کی پیدائش کے بعد ماں بیٹی کو ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا چیک اپ کیا۔ دونوں بالکل صحت مند ہیں۔