شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ، روکنے کےلئے تمام قانونی راستوں کا جائزہ لے رہے ہیں :فواد چوہدری

شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ، روکنے کےلئے تمام ...
شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ، روکنے کےلئے تمام قانونی راستوں کا جائزہ لے رہے ہیں :فواد چوہدری

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ میری تنقید عدالتی نظام پر ہے اس کی بڑی وجہ اس بوسیدہ نظام سے ان لوگوں کے مفادات ہیں ،وزیراعظم عمران خان نظام عدل میں کمزوریوں کی کئی بار نشاندہی کر چکے ہیں،شہبازشریف کوباہرجانےکی اجازت دیناقانون کے ساتھ مذاق ہے،تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں،ہماری پوری کوشش ہے شہبازشریف کو باہر جانے سے روکا جائے ، چوبیس گھنٹے کے اندر اپیل پر فیصلہ آجانا عجیب ہے،اس سے پہلے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،جس طرح کا رویہ نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ روا رکھا گیا ایسا ٹریٹمنٹ کسی کو نہیں ملتا، نواز شریف بھی پاکستان مقدمات کا سامنا کرنے نہیں سیاست کرنے آئے تھے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میری تنقید عدالتی نظام پر ہے اس کی بڑی وجہ اس بوسیدہ نظام سے ان لوگوں کے مفادات ہیں ،شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ہے ، چوبیس گھنٹے کے اندر اپیل پر فیصلہ آجانا عجیب ہے ، اس سے پہلے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ، جس طرح کا رویہ نوازشریف اور شہبازشریف کے ساتھ روا رکھا گیا ایسا سلوک کسی کو نہیں ملتا ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں یہ عمران خان کے بیانیے کی ناکامی ہے کہ ان لوگوں سے پیسے برآمد نہیں کروا سکے ،حکومت کو قانونی دائرہ کار کا پتہ ہے لیکن عام آدمی یہ سب نہیں جانتا ،اس لئے ساری تنقید حکومت پر آتی ہے ،وزیراعظم عمران خان نظام عدل میں سقم کی کئی بار نشاندہی کر چکے ہیں ،نوازشریف کا پورا خاندان ایک ایک کر کے باہر جا رہا ہے ،نوازشریف بھی پاکستان مقدمات کا سامنا کرنے نہیں سیاست کرنے آئے تھے ،شہبازشریف اربوں روپے کی ٹی ٹیز کا جواب نہیں دے سکے ،عام تاثر یہ بن گیا ہے کہ سائیکل چوری کرو تو جیل جاﺅ، اربوں روپے چوری کر کے مزے اڑاؤ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن اصلاحات کی حمایت کبھی نہیں کرتی، انہیں یہ بوسیدہ نظام پسند ہے ، تمام قانونی راستوں کا جائزہ لے رہے ہیں،لوگوں نے ہمیں احتساب کےلئے ووٹ دیا ،ہماری کوشش ہے کہ کرپٹ مافیا سے پیسے ریکور کئے جائیں۔

مزید :

قومی -