پنجاب میں ہزاروں سکولوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے کے ہزاروں سکولوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق حکومت کی طرف سے یہ سکیورٹی الرٹ صوبے بھر کے ’اے‘ اور ’اے پلس‘ کیٹیگری میں آنے والے تمام پبلک اور پرائیویٹ سکولوں کے لیے جاری کیا گیا ہے جن کی تعداد 16ہزار سے زائد ہے۔
ان میں سے 310سکول لاہور میں واقع ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے آج جاری کیے گئے اس الرٹ میں سکولوں کی انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی سٹینڈرڈآپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز)پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جن سکولوں میں طالب علموں کی تعداد 1500سے زائد وہ سکیورٹی میں بہتری کے لیے خاطرخواہ اقدامات کریں۔
محکمہ داخلہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ خصوصی ٹیمیں ان سکولوں کے اچانک دورے کریں گی اور سکیورٹی انتظامات جائزہ لیں گی۔ سکیورٹی الرٹ میں ان سکولوں کو سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور کسی بھی خطرے کی صورت میں سکیورٹی اداروں کو فوری مطلع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔