لاڑکانہ(آئی این پی) صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں دن دیہاڑے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ لاڑکانہ کی میرو خان جیل روڈ پر پیش آیا جہاں ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے پانچ افراد کو جاں بحق کردیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد وارہ کے علاقے میاں رتو کے رہائشی تھے ان میں سے دو افراد جیل سے رہائی کے بعد اپنے گھر جارہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔رپورٹ کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، لاشوں کو چانڈکا ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور نے لاڑکانہ میں پانچ افراد کے قتل کانوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔ فریال تالپور نے ہدایت کی کہ علاقے میں امن کو ہرحال میں برقرا رکھا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔