افسران عوام کی زندگی میں آسانیاں لائیں، کسی کی غلط بات نہ مانیں: مریم نواز

افسران عوام کی زندگی میں آسانیاں لائیں، کسی کی غلط بات نہ مانیں: مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            لاہور(جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پرا نسداد منشیات مہم میں پنجاب پولیس کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔پولیس نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے سب سے بڑے جارڈن گینگ کوگرفتار کرکے کروڑ روپے کی منشیات برآمد کر لیں۔جارڈن گینگ لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا پراسرار اور بااثر گینگ سمجھاجاتا ہے جومیکسیکو اور دیگر ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سروسز کے ذریعے بیچ رہا تھا۔ ماری جوانا، آئس،چرس،افیون اور دیگر منشیات امپورٹڈ پیکنگ میں مہیا کی جاتی تھیں۔جارڈن کے نام سے سرگرم عمل محمد ایوب پاکستان میں مختلف ذرائع سے منشیات سپلائی کررہا تھا۔ جارڈن گینگ کے محمد علی، عزیز، محمد ندیم، ثمینہ افتخار، ثناء اور فاطمہ زاہرہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ سنٹرل ایشیاء، کینیڈا، میکسیکو اور دیگر ممالک سے چاکلیٹ، ٹافی وغیرہ کی شکل میں منشیات بھیجی جاتی تھی۔ ملزمان فیک آئی ڈی کے ذریعے پاکستان میں موجود سپلائر سے رابطہ کرکے منشیات مہیا کررہے تھے۔ پنجاب پولیس نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی آپریشن کیا اور آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔ ڈی ایچ اے فیز6میں جارڈن گینگ کے پانچ رکن اور 9گن مین پکڑے گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلواکر شاباش دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس کو سراہا اور محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس ٹیم کے ساتھ فوٹو بنوایا۔آئی جی،سی سی پی او، ایڈیشنل سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر،ایس ایس پی اور دیگر حکام بھی موجود تھے، مریم نوازشریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اسسٹنٹ کمشنروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ افسران عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں۔ عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرٹالرنس کی پالیسی ہے۔ عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں، فرض اولین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے۔ینگ افسران کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں۔ حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھا جائے۔ جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن، ہیلتھ،پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں۔ مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے۔پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں،کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی۔ ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔ میرے اسسٹنٹ کمشنر میرے آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں۔  مریم نواز شریف نے پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاری وفد کا خیر مقدم اور پاک سعودی انویسٹمنٹ کانفرنس کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے تاریخی برادرانہ رشتہ،معاشی تعلقات میں تبدیل ہورہا ہے۔سعودی عرب پاکستان کا ہر دور میں قابل اعتماد برادر ملک رہا ہے۔پاک سعودی عرب انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقادخوشحالی کی نوید ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ30سعودی کمپنیوں کے 50رکنی وفد کی آمدسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان سے لگاؤ کا واضح ثبوت ہے۔ سعودی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے درمیان براہ راست ایگریمنٹ خوش آئند امر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -