کسانوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرینگے،خالد مسعود

  کسانوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کرینگے،خالد مسعود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو اور جنرل سیکرٹری سیف اللہ خالد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آج ملک میں کسان کا معاشی قتل کیا جارہا ہے،کسان برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، حکومت مقرر کردہ قیمت پر تمام گندم کی خریداری کو یقینی بنائے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کیخلاف 12 مئی کو لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔اگر حکومت نے کسانوں کے حقوق ادا نہ کیے تو پورے ملک میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں کسان رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم، عرفان مہیس، سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اس ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،مرکزی مسلم لیگ اس ملک میں زراعت اور کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دے گی۔بھارتی آبی جارحیت کے باعث ہماری زراعت خطرے سے دوچار ہے۔حکومت پاکستان نے 2023 میں 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی بجائے 35 لاکھ ٹن گندم درآمد کی۔چنانچہ اب حکومت کسانوں سے گندم خریدنے سے گریزاں ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری سیف اللہ خالد نے اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طفل تسلیاں دے رہی ہے اور الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔حکومت اس وقت الزام تراشیوں کی بجائے کسانوں سے گندم خریدے کسانوں کو فوری باردانہ فراہم کیا جائے۔وفاقی حکومت کی جانب سے کسانوں کے ریلیف کے لیے کیے جانے والے اعلان ناکافی ہیں۔حکومت فوری اعلان کردہ ریٹ پر تمام گندم کی خریداری کا اعلان کرے۔گندم کی درآمد کرنے والے ذمہ داروں کو کڑی سزادی جائے اور کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔کسانوں کے لیے مستقل پالیسی بنائی جائے، مقررہ نرخ پر کھا ڈی اے پی، پانی، بجلی اور ڈیزل مہیا کیا جائے۔