والڈ سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام شالیمار باغ میں ثقافتی کھیلوں کا پروگرام
لاہور(فلم رپورٹر)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر اہتمام شالیمار باغ میں دو روزہ ثقافتی کھیلوں کا پروگرام، شرکاء نے والڈ سٹی اتھارٹی کے اس اقدام کو سراہا اور ایسی سرگرمیوں کے جاری رہنے کی خواہش ظاہر کی۔ شالیمار باغ میں ثقافتی کھیلوں کی یہ محفل سجانے کا مقصد موجودہ نسل کو ثقافتی کھیلوں سے روشناس کرانا تھا ایسے کھیل جو کبھی بچوں اور بڑوں کی زندگی کا حصہ تھے آج کی نوجوان نسل ان کھیلوں کے ناموں سے بھی واقف نہیں۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے بچوں اور بڑوں کو ان کھیلوں کے بارے میں عملی آگاہی دی گئی جیسے کہ گلی ڈنڈا،پیٹھوگول گرم،کیرم،رسا کشی،بنٹے، لاٹو، کوکلہ چھپاکی، شطرنج وغیرہ شامل تھے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر ثمینہ خان کا کہنا ہے کہ والڈ سٹی اتھارٹی روایتی کھیلوں کو ایک بار پھر سے زندہ کرنے کا عزم رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سرگرمیاں جاری رکھی جا ئیں گی۔