وکلاء کا سول عدالتوں کی منتقلی، دہشتگردی مقدمات کے اندراج کیخلاف دھرنا
لاہور(نامہ نگار خصوصی)سول عدالتوں کی ماڈل کچہری منتقلی اور وکلاء کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات کے اندراج کیخلاف وکلاء نے پی ایم جی چوک میں دھرنا دیا،دھرنے میں پاکستان بار کونسل،ممبران پنجاب بار کونسل، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور بار ایسوسی ایشن کی کابینہ سمیت سیکڑوں وکلا ء نے شرکت کی، وکلاء نے مال روڈ اور فیروز پور روڈ کو پی ایم جی چوک سے بند کر دیا، وکلا ء نے کہا کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو یہ احتجاج ایسے ہی جاری رہے گا،صدر لاہور بار ایسوسی ایشن منیر حسین بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گرفتار کریں مجھ پر مقدمہ درج کریں، میں لاہور بار اور پاکستان بھر کے وکلا سے دستخط کروا کر آپکے خلاف پٹیشن دائر کروں گا،مجھے رات ڈیڑھ بجے دھمکیاں دی جاتی ہیں،میرے وکلا ء بھائیوں کی ضمانتیں خارج کی جاتیں ہیں، ہم تمام وکلا ء ایک پیج پر ہیں،تمام وکلا ء صبح دس بجے تک کام کریں اور بعد میں پورا دن ہڑتال کریں، بدھ کو ہڑتال اور ہائیکورٹ کو ریلی نکالیں گے، وکلاء پر دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں، میرا تمام سیاسی جماعتوں سے بہت گلہ ہے، کسی سیاسی پارٹی نے وکلا ء کے لیے کچھ نہیں کیا۔
وکلاء احتجاج