انوار الحق کاکڑ نے جعلی فارم 47پر مہر تصدیق ثبت کر دی : بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جعلی فارم 47 پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے، انہوں نے کہا کہ نااہل ٹولے کے پاس اخلاقی جواز تو پہلے بھی نہیں تھا، اب منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ہے۔ مینڈیٹ چوروں سے پی ٹی آئی کامینڈیٹ واپس لینا اب فرض بن چکا ہے۔ جعلی فارم 47 ٹولے نے گورنر کے عہدے پر عوام کا مسترد شدہ شخص بٹھادیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 47 سرکار الیکشن میں مسترد افراد کو نواز رہی ہے۔ پی ٹی آئی اپوزیشن اتحاد کے ساتھ ملکر جعلی فارم 47 سرکار کو زمین بوس کر ے گی، چچا اور بھتیجی کی جعلی سلطنت کے لئے گہرا گڑھا تیار ہے۔ جعلی سلطنت کو دفن کرکے ہمیشہ کے لئے انکی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اصلی مینڈیٹ صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ ملک بھر میں عوام الناس پی ٹی آئی سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ جبکہ مینڈیٹ چور ٹولہ ان اشخاص کو نواز رہا ہے جس کو عوام نے مسترد کیا ہے۔