صوبائی حکومت کا غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو تحویل میں لینے کا فیصلہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سندھ حکومت کی جانب سے 10 مئی کے بعد غیر رجسٹرڈ گاڑیاں تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ 10 مئی کے بعد محکمہ ایکسائز غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لے گا۔انہوں نے کہا کہ 10 مئی سے سندھ بھر میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے جارہے ہیں، کسی کو بھی سڑک پر غیر رجسٹرڈ گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تقریباً 44 ہزار نمبر پلیٹس محکمے میں رکھی ہیں جو لوگ لے کر نہیں گئے، ان تمام نمبرز کی سیریز اخبار میں شائع کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن رجسٹرڈ گاڑیوں نے ٹیکس ادا نہیں کیا ہوگا ان پر چالان کیا جائے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ قانون بنا رہے ہیں کہ کوئی گاڑی شو روم سے اس وقت تک نہ نکلے جب تک رجسٹرڈ نہ ہو۔