ججزخط کے معاملے پرجوڈیشل کمیشن بنا کرقصورواروں کو سزادی جائے،پاکستان بار کونسل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6ججز کے خط سے متعلق ازخود نوٹس پرسماعت کے دوران پاکستان بار کونسل کے وکیل ریاضت علی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ 6ججز کے خط معاملے پر جوڈیشل تحقیقات کرانا چاہتے ہیں،جوڈیشل کمیشن بنا کرقصور واروں کو سزا دی جائے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے کہاکہ لگتا ہے کہ پاکستان بار نے سفارشات ہائیکورٹ کے جواب کی روشنی میں مرتب نہیں کیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہائیکورٹس نے لکھا ہے کہ مداخلت توآج بھی ہو رہی ہے،
وکیل پاکستان بار نے کہاکہ ججز نے سنگین الزامات لگائے ہیں جو جرم کے زمرے میں آتے ہیں،جرم فوجداری نوعیت کا ہے ایسا کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ تمام ہائیکورٹس نے 6ججز سے بھی زیادہ سنگین جوابات جمع کرائے ہیں،ایک ہائیکورٹ نے یہ کہا ہے کہ مداخلت آئین کیساتھ کھلواڑ ہے،لگتا ہے پاکستان بار نے تجاویز ہائیکورٹس کے جوابات کو مدنظر رکھ کر تیار نہیں کیں،ایک ہائیکورٹ تو یہ کہا ہے کہ آئین کو سبوتاژ کیا گیا،یہ مداخلت نہ فیض آباد دھرنا کیس سے رکی نہ کسی اور چیز سے،ججز نے ہائی لائٹ کیا ہے کہ مداخلت ایک جاری سلسلہ اور رجحان ہے،آپ بتائیں! ایسا کیا ڈر پیدا کیا جائے کہ یہ سلسلہ رکے؟اٹارنی جنرل خود مان چکے ہیں 2018میں کیا کچھ ہورہا تھا۔