’یہ طاقت نہیں بزدلانہ فعل ہے‘، فواد خان، ماہرہ خان سمیت پاکستانی اداکاروں کی بھارتی حملے کی شدید مذمت

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )فواد خان، ہانیہ عامر، بلال عباس اور ماہرہ خان سمیت پاکستان کے مایہ ناز اداکاروں نے رات گئے ہونے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’شرمناک‘ اور بزدلانہ فعل قرار دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اداکاروں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر سٹوریز اور پوسٹس کے ذریعے بھارتی حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
اداکار فواد خان نے اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر سٹوری کے ذریعے بھارتی حملے کو ’شرمناک‘ قرار دیا، ساتھ ہی لوگوں سے درخواست کی کہ ’اس تشویش ناک صورت حال کے معاملے کو مزید سنگین رخ نہ دیں‘۔ انہوں نے زخمی اور شہید افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ انشااللہ عقل و فہم کی جیت ہوگی‘۔
اداکارہ ماہرہ خان نے مصنفہ فاطمہ بھٹو کی ٹوئٹ کو اپنے انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے حملے کو ’بزدلانہ قرار دیا اور دعا کی کہ ’یااللہ ہمارے ملک کی حفاظت فرمائیں‘۔بعدازاں اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہاکہ ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں ایک ایسے ملک میں رہتی ہوں جہاں میں اپنی مرضی سے اپنی بات کہہ سکتی ہوں اور کوئی مجھے کچھ بھی کہنے کے لئے مجبور نہیں کرتا، جب ہمارے ملک میں ہمارے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے ہم تب بھی آواز اٹھاتے ہیں اور جب کوئی بنا کسی ثبوت کے ہمارے ملک پاکستان پر الزام لگاتا ہے تب بھی ہم تشدد کی مذمت کرتے ہیں‘۔
اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’بھارت آپ کی نفرت اور اشتعال انگیزی برسوں سے جاری ہے اور میں نے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور میں اس تجربے سے گزری ہوں۔ آپ کا میڈیا منقسم ہے اور آپ کی بااثر آوازیں خوف کی وجہ سے نسل کشی اور جنگی جرائم پر خاموش رہتی ہیں۔ اس خوف میں آپ جیت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن میرے نزدیک یہ خاموشی آپ کی شکست ہے‘۔ماہرہ خان نے مزید کہاکہ ’میں اپنے وطن پاکستان سے پیار کرتی ہوں، امید کرتی ہوں کہ ہم جو کریں وہ درست ہو اور ہم کبھی بھی بھڑکائے جانے کے باوجود ان کی سطح پر نہ گریں۔۔۔ پاکستان زندہ باد!‘
اداکارہ درِ فشاں نے ماہرہ خان کی پوسٹ کو اپنی انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کیا اور بات چیت کے ذریعے حل نکالنے کی امید کی۔دوسری جانب اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی بھارتی حملے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’میں غصہ اور درد محسوس کررہی ہوں، بچہ شہید ہوگیا اور خاندان تباہ ہوگئے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ معصوم لوگوں پر بم برسانے کو حکمت عملی نہیں کہہ سکتے، یہ طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے‘۔
اداکارہ عائزہ خان نے کہاکہ، میں انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں۔ میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں’۔اداکار بلال عباس نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ’معصوم شہریوں پر بچوں پر حملہ کرنا بزدلانہ اور توہین آمیز فعل ہے اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ہم اس جبر کو نہیں بھولیں گے اور اس ناانصافی کے آگے خاموش نہیں بیٹھیں گے‘۔
اداکارہ مایا علی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کہا کہ جنگ کبھی بھی حل نہیں اور نہ ہی کبھی ہوگا’۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے سوال کیاکہ ’کیا دہشتگردوں کا ٹھکانہ میرے گھر کے برابر میں گنجان آباد علاقے میں ہے؟‘اداکار اور گلوگار فرحان سعید نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں قائداعظم سے اظہار تشکر کیا جبکہ اداکار وہاج علی نے سٹوری میں ’سب سے پہلے پاکستان‘ لکھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستان کے دیگر اہم اداکاروں نے حملے کی مذمت کی تھی جبکہ بھارت نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی ظفر، ہانیہ عامر، ماہرہ خان، عائزہ خان اور بلال عباس سمیت مایہ ناز پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاو¿نٹس پرپابندی لگادی تھی۔حال ہی میں عروہ حسین نے پاکستانی اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’اگر آپ پر کوئی قتل کا الزام لگائے تو آپ کا پہلا ردعمل یہ نہیں ہوگا کہ آپ اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں بلکہ قدرتی ردعمل کے طور پر آپ اپنا دفاع کریں گے‘۔
اس کے علاوہ مصنفہ اور مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے اسرائیل کامنٹری نامی اکاو¿نٹ کی ٹوئٹ ’اسرائیل بھارت کے ساتھ کھڑا ہے‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اس دنیا میں ایک پاکستانی بھی نہیں چاہے گا کہ اسرائیل ہمارا ساتھ دے‘۔
واضح رہے کہ رات گئے پاکستان کے 6 مقامات پر بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 پاکستانی شہید ہوئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے علی الصبح میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج کے جوابی حملے میں دشمن کے 5 طیارے اور ایک لڑاکا ڈرون کو مار گرایا ہے ۔