بھارتی حملوں میں شہید ہونے والوں کی متعدد مقامات پر نماز جنازہ ادا کر دی گئی

May 07, 2025 | 03:43 PM

راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی حملوں میں شہید ہونے والوں کی متعدد مقامات پر نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہونے والے میزائل حملوں میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔میزائل حملے میں شہید ہونے والے 13 شہداء کی نماز جنازہ ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں ادا کی گئی۔ بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ پر بزدلانہ بھارتی حملہ کیا گیا  جس میں   پرامن نہتے  شہری شہید ہو ئے، شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں شہداء کے لواحقین اور اہل علاقہ کی کثیر تعد اد نے شرکت کی ۔اس سے قبل شہداء کی نماز جنازہ  سرکاری  طور پر ڈرنگ سٹیڈیم میں ادا کی گئی۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق پاجگراں مسجد بلال میں شہید ہونے والے 80 سالہ محمد یعقوب کی نمازہ جنازہ مظفر آباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔مظفرآباد میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، سینئر جسٹس لیاقت شاہین اور ہائی کورٹ کے ججز نے شرکت کی۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر حکومت کے وزراء، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد اور وزیر اطلاعات سید مظہر سعید بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

وزیر اطلاعات سید مظہر سعید نے کہا کہ بھارت کی اس دہشت گردی کی وجہ سے پوری قوم متحدہ ہوئی ہے، دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ہے۔

مزیدخبریں