او جی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت آج مکمل ہوجائے گی

او جی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت آج مکمل ہوجائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی( او جی ڈی سی ایل) کے فی شیئر کی فلور پرائس 216 روپے مقرر کر دی ہے ، فلور پرائس پر حصص کی فروخت آج مکمل ہوجائے گی،جبکہ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کا کہنا ہے کہ دھرنوں کے باعث او جی ڈی سی ایل کے شیئر فروخت کرنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو شیئر کی متوقع قیمت سے 40 سے 50 روپے کم ملنے کا خدشہ ہے۔نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کے 10 فی صد حصص کی فلور پرائس مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔اسلام آباد میں نجکاری کمیشن کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی حصص کی فروخت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے،نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے فی شیئر کی فلور پرائس 216 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فلور پرائس پر حصص کی فروخت آج7 نومبر تک مکمل ہوجائے گی۔
حکومت او جی ڈی سی ایل کے 32 کروڑ شیئرز فروخت کرنا چاہتی ہے۔ اجلاس میں وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیر تجارت خرم دستگیر نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے حوالے سے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے بتایا کہ دھرنوں کے باعث او جی ڈی سی ایل کے شیئر فروخت کرنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو شیئر کی متوقع قیمت سے 40 سے 50 روپے کم ملنے کا خدشہ ہے۔

مزید :

کامرس -