پرویز ملک کی زیر صدارت میں اجلاس، سانحہ کوٹ رادھا کشن کی شدید مذمت

پرویز ملک کی زیر صدارت میں اجلاس، سانحہ کوٹ رادھا کشن کی شدید مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (اپنے نمائندے سے)ڈی سی اولاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ایم این اے پرویز ملک کی زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسیحی رہنما طارق مسیح گل ، پاسٹر ایوب خاور، پاسٹر یوسف اقبال، پاسٹر فیاض مجید، شہباز بھٹی اورافسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو جلانے کے واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔ ایم این اے پرویز ملک اور ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے اس واقع کی شفاف انکوائری اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشرے میں انتشار اور فساد برپا کرنے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے گا اور لاہور شہرمیں امن و سکون رکھنے کے لئے آپس میں تعاون کیا جائے گا۔ مسیحی رہنماؤں نے بھی حکومت پنجاب کی طرف سے واقعے کی تحقیقات اور انکوائری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں بیوی کو زندہ جلانے کا واقعہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جس میں انسانیت کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے اس کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ سانحہ کوٹ رادھا کشن مسلم عیسائی کا مسئلہ نہ ہے بلکہ یہ انسان کی صورت میں معاشرہ میں رہنے والے حیوانوں کا مسئلہ ہے۔