انسان کو محتاجی سے بچانے کیلئے سود سے نجات ضرور ی ہے، زبیر خان

انسان کو محتاجی سے بچانے کیلئے سود سے نجات ضرور ی ہے، زبیر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (لیڈی رپورٹر) میسو گرومنگ سسٹم کے جنرل سیکرٹری زبیر خان نے کہا ہے کہ انسان کو محتاجی سے بچانے کے لئے سود سے نجات ضرور ی ہے ، سود سے نجات کا مقصد انسان کو انسان کی محتاجی سے بچانا ہے ،پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکومت فوری طور پر سود سے پاک معیشت کا آغاز کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مقامی ہو ٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ سودی معیشت ہے اور حکومت سودی معیشت سے جس قدر جلدی نجات حاصل کر لے گی پاکستان کے معاشی حالات اتنی ہی تیزی سے بہتر ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام معیشت سے ہی غربت ، بیروز گاری، رشوت سمیت دیگر سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے ، انہوں نے کہا کہ اسلامی معیشت ہمارے لئے چوائس کے بجائے اللہ کا حکم ہے اور اس پر عمل کرنا ہم پر فرض ہے ، اللہ نے اسلام کو صرف عبادات کا دین ہی نہیں بنایا بلکہ اسلام نے معیشت کے لئے بھی ایک مکمل نظام وضع کیا ہے تاکہ انسان روح کے سکون کے ساتھ جسم کی پرورش بھی کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا پیغام یہ ہے کہ انسان دوسرے انسان کا محتاج نہ رہے لیکن طاغوتی قوتیں معاشرے سے بھلائی اور نیکی کی روشنی کو ختم کرکے انسانوں کو غربت کے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتی ہے ، غربت سے نجات کا راز سود سے پاک معیشت میں ہی مضمر ہے ۔