چیف الیکشن کمشنرتقرری معاملہ،شاہ محموداورخورشیدشاہ کی ملاقات میں مشاورت جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہ نماو¿ں کے درمیان نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر مشاورت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میںنئے الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ناصر اسلم زاہد کا نام تجویز کیا ہے جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے تصدق حسین جیلانی کا نام دیا گیا ہے جبکہ رانا بھگواس داس اور جسٹس میاں اجمل کے نام بھی زیر غور ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور ریٹائرڈ جسٹس طارق پرویز خان نئے چیف الیکشن کمشنر کیلئے اہم دعویدار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ ان دونوں میں سے کسی ایک کو نئے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے نامزد کیا جائے گا۔