سیاسی جماعتیں جسٹس(ر) بھگوان داس کے نام پر متفق، رضا ربانی کو ٹاسک مل گیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی جماعتوں نے جسٹس (ر) رانا بھگوان داس کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا ہے جس کے بعد رانا بھگوان داس کو منانے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی چین سے واپسی کے بعد ان سے ملاقات کر کے جسٹس (ر) بھگوان داس کو نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے پر قائل کریں گے اور وزیراعظم کی آمادگی پر تقرری کیلئے آئین میں ترمیم بھی کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر)رانا بھگوان داس کا نام اپوزیشن لیڈ رخورشید شاہ کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا تاہم رانا بھگوان داس نے خود ہی عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی تھی جس کا اظہار خورشید شاہ نے بھی کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی نے سینیٹر رضا ربانی کو جسٹس (ر)رانا بھگوان داس سے مل کر انہیں چیف الیکشن کمشنر بننے کےلئے آمادہ کرنے کا ٹاسک دیا ہے اور اس سلسلے میں وہ جمعہ کی شام کو ان سے ملاقات کریں گے۔