بھینس نے مسافر طیارے کی چولیں ہلادیں
نیودہلی (نیوز ڈیسک) جہاز سے پرندہ ٹکرانے کے واقعات تو ہوتے رہتے ہیں لیکن بھارت میں پیش آنے والے ناقابل یقین حادثے میں جہاز سے بھینس ٹکرا گئی۔
فضائی حادثوں کی تاریخ میں منفرد حیثیت کا حامل یہ حادثہ سورت شہر میں پیش آیا۔ سپائس جیٹ ایئر لائن کا بوئنگ 737 طیارہ ٹیک آف کررہا تھا کہ اچانک ایک بھینس اس کے سامنے آگئی۔ طیارہ ایک دھماکے کے ساتھ بھینس سے ٹکرایا جس کی وجہ سے اسے شدید نقصان پہنچا جبکہ بھینس موقع پر ہلاک ہوگئی۔ پائلٹ کا کہنا ہے کہ افق پر کالے بادلوں کی وجہ سے سامنے موجود بھینس کو دیکھنا مشکل تھا۔
بھارت کے کئی ایئرپورٹوں پر غیر مناسب اور نامکمل حفاظتی اقدامات کی وجہ سے رن وے کے گرد لگائے گئے جنگلے جگہ جگہ سے ٹوٹ چکے ہیں جس کی وجہ سے ارد گرد چرنے والے جانور بآسانی رن وے تک پہنچ جاتے ہیں۔ اس حادثے کے بعد سپائس جیٹ نے سورت شہر کے لئے اپنی پروازیں بند کردیں ہیں۔