رحمان ملک کو جہاز سے نکالنے والے ارجمند اظہر نے بطور ٹی وی اینکر کام شروع کر دیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کی پروازPK-370 کو بلا جواز تاخیر کا شکار کروانے پر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور اقلیتی ایم این اے رامیش کمار کو جہاز سے نکالنے کے سبب شہرت حاصل کرنے والے’ارجمند اظہر‘ نے ایک نجی نیوز چینل سما میں بطور اینکر پرسن کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان کے پروگرام کا نام ’عام آدمی‘ہے جس میں مختلف شہروں میں وی آئی پی کلچر کا شکار ہونے والے لوگوں کی آواز بلند کی جائے گی۔ یہ پروگرام ہفتے میں ایک روز نشر کیا جائے گا۔ اس سے قبل وہ کوریئر خدمات سر انجام دینے والی ایک نجی کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے مگر رحمان ملک کو جہاز سے نکالنے کے واقعے کے بعد انہیں بغیر کوئی وجہ بتائے نوکری سے فارغ کر دیا گیا تھا ۔ یا د رہے سابق وزیر داخلہ کو پرواز میں سوار ہونے سے روک کر وی آئی پی کلچر کے خلاف آواز بلند کرنے پر انہیں بہت تعریف سے نوازا گیا تھا۔