برسبین ٹیسٹ‘ آسٹریلیا کی پہلی اننگز 556 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر

برسبین ٹیسٹ‘ آسٹریلیا کی پہلی اننگز 556 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر

  

برسبین(اے پی پی) آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 556 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، عثمان خواجہ نے 174 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ایڈم ووجز 83 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 399 رنز درکار ہیں، کین ولیمسن 55 اور بی جے واٹلنگ 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ مچل جونسن اور مچل سٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو برسبین کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز 389 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ 102 اور سٹیون سمتھ 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ سٹیون سمتھ گزشتہ روز کے سکور میں محض 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد عثمان خواجہ اور ایڈم ووجز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 157 رنز بناکر ٹیم کا سکور 556 تک پہنچا دیا، عثمان خواجہ نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 174 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد کین ولیمسن کی گیند مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔ عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلوی کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، ایڈم ووجز 83 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ، جیمز نیشم اور کین ولیمسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 399 رنز کی ضرورت ہے۔ مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے 56 رنز کا آغاز فراہم کیا، مارٹن گپٹل 23 رنز بناکر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 102 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب ٹام لیتھم 47 رنز بنانے کے بعد مچل سٹارک کی گیند نیتھن لائن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ روس ٹیلر صفر، کپتان برینڈن میک کلم 6 اور جیمز نیشم 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، ٹیلر اور میک کلم کو مچل جونسن اور جیمز نیشم کو مچل سٹارک نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا۔ ولیمسن 55 اور بی جے واٹلنگ 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جونسن اور مچل سٹارک نے دو، دو جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -