عالمی منڈی میں اپنا مقام بنانے کیلئے جارحانہ مارکیٹنگ حکمت عملی کی ضرورت ہے‘ لاہور چیمبر

عالمی منڈی میں اپنا مقام بنانے کیلئے جارحانہ مارکیٹنگ حکمت عملی کی ضرورت ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عالمی منڈی میں اپنا خاطر خواہ مقام حاصل کرنے کے لیے جارحانہ مارکیٹنگ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ معیار میں بہترین ہونے کے باوجود پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل نہیں جو ہونا چاہیے جس کی بنیادی وجہ مارکیٹنگ حکمت عملی کا فقدان ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے اور بیرونی تجارت مستحکم کرنے کے لیے نئی مارکیٹوں اور نئی مصنوعات پر توجہ دینا ضروری ہے،حالات کے پیش نظر ہمیں روایتی طریقوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، یہ بہت تشویشناک ہے کہ وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود ہمیں برآمدات پچیس ارب ڈالر تک پہنچانے میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کا ساٹھ فیصد سے زیادہ حصہ صرف ٹیکسٹائل جبکہ پندرہ فیصد حصہ لیدر، سنتھیٹک اور چاول پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی خریداروں کو راغب کرنے کے لیے ہمیں تجارت کے قابل نئی اشیاء متعارف کرانا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کا انحصار چند ممالک سے ہٹانے کے لیے افریقہ جیسی غیرروایتی مارکیٹوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی حکمت عملی وضع کرنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین اور افریقی مارکیٹ میں باآسانی اپنی جگہ بناسکتی ہیں۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ برانڈنگ اور ویلیوایڈیشن کی جانب خاص توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کرکے کئی گنا زیادہ فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ بین الاقوامی منڈی میں خریدار برانڈ شدہ مصنوعات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو علاقائی تجارت کے فروغ پر بھی توجہ دینی چاہیے کیونکہ اس سے انہیں دور دراز ممالک کی نسبت زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے۔

مزید :

کامرس -