ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا یوم ولادت منانے کے لیے جامع پروگرام مرتب

ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا یوم ولادت منانے کے لیے جامع پروگرام مرتب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام حکیم الامت، شاعرمشرق،مفکر پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 138ویں یوم ولادت کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔تقریبات یوم اقبالؒ کے سلسلے میں علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت کے موقع پر سوموار 9نومبر کو ساڑھے دس بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کریں گے جبکہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ مہمان خاص ہوں گے۔




اس تقریب سے ممتاز دانشور اورماہرین اقبالیات خطاب کریں گے۔ اسی روز4بجے شام محمد رفیق تارڑ کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ مزار علامہ محمد اقبالؒ پر حاضری دیں گے۔ پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے ‘ فاتحہ خوانی ہو گی اور کلام اقبالؒ پڑھا جائے گا۔علاوہ ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منگل 10نومبر کو سکولوں اور مدرسوں جبکہ بدھ 11نومبر کوکالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کے مابین کلام اقبالؒ ترنم کے ساتھ سنانے کے انعامی مقا بلے منعقد ہوں گے۔جمعرات 12نومبر کو سکولوں اور مدرسوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ جات ہونگے۔




بعنوان ’’باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم ،سو بار کرچکا ہے تو امتحاں ہمارا‘‘ جبکہ ہفتہ 14نومبر کو ساڑھے دس بجے صبح کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کے درمیان انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’میرا طریق امیری نہیں فقیری ہے ‘خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر‘‘ منعقد ہو گا۔ جمعرات 19نومبر کو ساڑھے دس بجے صبح تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی مقابلۂ مصوری بھی منعقد ہو گا۔ان تقریبات کا اہتما تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔