ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے او پی ڈی میں فری گائنی کیمپ

ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے او پی ڈی میں فری گائنی کیمپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( کامرس رپورٹر)ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) کے او پی ڈی میں فری گائنی کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں ماہرگائنالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید کی زیر نگرانی ماہر ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران خواتین کے مفت ٹیسٹ اور الٹرا ساؤنڈ کرنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچنے کیلئے آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے گئے جبکہ مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئی۔ ڈاکٹروں نے خواتین کو زچگی کے دوران درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے مفید مشورے دیئے۔مریضوں نے کیمپ کا انعقاد کرنے پر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) کی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسے کیمپ سے لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات میسر آئیں گی جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال کی مزید تعمیر و ترقی کیلئے دعا کی۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) شوکت ورک نے کیمپ کے انتظامی معاملات دیکھنے کیلئے دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔



ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) شوکت ورک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری گائنی کیمپ لگانے کا مقصد لوگوں کو صحت سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کرنا اور بیماریوں سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال (ٹرسٹ) کے پلیٹ فارم سے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے اور دکھی انسانیت کے دکھ کا مداوا کرنے کی ہر ممکن پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتا ل (ٹرسٹ) کے او پی ڈی میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کا فری چیک اپ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مستحق مریضوں کیلئے فری کیمپ بھی لگاتے رہیں گے۔