یو سی 256 ، مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم،ریٹرننگ افسرطلب

یو سی 256 ، مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد بلال حسن نے یونین کونسل 256 علی رضا آباد سے کامیاب ہونیوالے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین میاں محمد اویس کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے تاحکم ثانی روکتے ہوئے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو طلب کرلیاہے۔ یونین کونسل 256سے تحریک انصاف کے ناکام چیئرمین میاں نوید کی جانب سے دائردرخواست میں ان کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ یونین کونسل دوسو چھپن سے اس نے جنرل کونسلرز کے پینل کے ساتھ بلدیاتی انتخاب میں حصہ لیا۔ جس میں میڈیا میں نشر ہونیوالے غیرسرکاری نتائج کے مطابق وہ اوراس کا پورا پینل کامیاب قراردیا گیا۔ لیکن گنتی کے دوران اس یونین کونسل میں ہمارے دوسو سات ووٹ مسترد کرکے مسلم لیگ کے حمایت یافتہ چیئرمین کے امیدوار کو چوبیس ووٹوں سے کامیاب قراردے دیاگیا۔ جبکہ تحریک انصاف کا جنرل کونسلرز کا پورا پینل کامیاب ہونے کے باوجود اسے ناکام قراردیا گیا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس یونین کونسل کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی جو نظرانداز کردی گئی۔چنانچہ اس حلقہ کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہونے تک کامیاب ہونے والے مسلم لیگ ن کے چیئرمین میاں محمد اویس کی کامیابی کا نوٹیفکشن روکنے کا حکم دیا جائے۔اس کیس کی مزید سماعت10نومبر کو ہوگی ۔

مزید :

علاقائی -