باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے ،گورنر سندھ

باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے ،گورنر ...

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کے الیکٹرک حکام کو ہدیت کی ہے کہ جن علاقوں میں باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کی جا رہی ہے اور کنڈے وچوری نہیں ہے ، ان علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور موسم سرمامیں گیس کی فراہمی میں کمی کے پیش نظر شہر میں بجلی فراہمی نظام کو بہتر رکھنے کے لئے خصوصی انتظام کو یقینی بنایا جائے ۔ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طیب ترین کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملا قات کی اور شہر میں بجلی کی فراہمی سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے کے الیکٹرک حکام کو ہدایت دی کہ عوام کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ فری علاقوں میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے حکام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بلنگ نظام بہتر رکھنے کے لئے عوام کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی۔ملاقات میں کے الیکٹرک حکام نے گورنر سندھ کو بتایا کہ شہر کے ساٹھ فیصد حصے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی ہے جبکہ پانچ برس قبل صرف سترہ فیصد علاقے لوڈشیڈنگ فری تھے ۔ انہوں نے بتایاکہ بجلی کی فراہمی کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ہر تین ماہ بعد ان علاقوں کا تعین کیا جاتا ہے جہاں بلوں کی ادائیگی میں با قاعدگی اور چوری و کنڈے نہیں ہوتے ایسے علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ جن علاقوں میں بلوں کی ادائیگی میں باقاعدگی ہے اور کنڈے و چوری نہیں ہوتی کے الیکٹرک کی پالیسی کے تحت وہاں لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -