علاقے میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے: چین

علاقے میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں ...
علاقے میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے: چین

  

اسلام آباد (اے پی پی) چین کے نئے خصوصی نمائندے برائے افغانستان سفارتکار دینگ ڑی جن نے افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کے سہولیاتی کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی سے جمعہ کو گفتگو کرتے ہوئے چینی خصوصی نمائندے نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے مربوط کوششوں اور گراں قدر قربانیاں دیں جسے سراہتے ہیں۔ انہوں نے علاقے میں درپیش مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے سفیر دینگ ڑی جن کو افغانستان کے بارے میں نمائندہ خصوصی مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی موجودگی سے اہم علاقائی ایشوز پر دونوں اطراف کے درمیان پائی جانے والے قریبی تعاون اور افہام و تفہیم کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے افغانستان میں امن کو پورے علاقے میں امن و استحکام کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے افغان مفاہمتی عمل میں سہولت پیدا کرنے میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین افغانستان کے حوالے سے مشترکہ مفادات اور مقاصد کے حامل ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے رابطے اور وہاں امن و ترقی میں کی جانے والی کاوشوں کا خیرمقدم کیا۔ دونوں اطراف نے ”ہارٹ آف ایشیا۔ استنبول عمل“ کے آئندہ وزارتی اجلاس پر بھی بات چیت کی جو آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

مزید :

بین الاقوامی -