لیگی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گانا سنا کر محفل لوٹ لی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان پاکستانی سیاست میں بہترین مقرر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں لیکن آج ہم ان کا جو روپ آپ کے سامنے پیش کرنے جا رہے ہیں وہ بہت کم لوگوں نے ہی دیکھا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشاہد اللہ خان نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام خبرناک میں شرکت کی جس میں انہوں نے ہلکے پھلکے سوالوں کے مدلل انداز میں جواب دیے ۔ پروگرام میں جب ساجد بھائی کے چیلنج کی باری آئی تو میزبان نے مشاہد اللہ خان سے بھی گانا سنانے کی فرمائش کی۔ مشاہد اللہ خان نے پروگرام میں ملکہ ترنم میڈم نورجہاں کا گانا ” بانوری چکوری کرے دنیا سے چوری چوری چندا سے پیار“ گا کر خود کو بہترین آواز اور پکے سروں کا مالک ثابت کیا اور محفل لوٹ لی۔
واضح رہے کہ ” بانوری چکوری کرے دنیا سے چوری چوری چندا سے پیار“ گانا فیاض ہاشمی نے لکھا جبکہ اس کی دھن رشید عطرے نے بنائی تھی۔ یہ گانا ملکہ ترنم میڈم نورجہاں نے فلم انارکلی کیلئے گایا تھا۔ یہ فلم 1958 میں ریلیز ہوئی جس کی مرکزی کاسٹ میں میڈم نور جہاں، شمیم آرا، منور ظریف، اور لالا سدھیرشامل تھے۔
ذیل میں دی گئی ویڈیو میں آپ سینیٹر مشاہد اللہ خان کی بطور گلوکار جھلک ملاحظہ کرسکتے ہیں۔