ایران کی آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے پاکستانی وفد کو دورہ تہران کی دعوت

ایران کی آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے پاکستانی وفد کو دورہ تہران کی دعوت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد/تہران(اے این این) ایران نے آزادانہ تجارتی معاہدے کیلئے پاکستانی وفد کو دورہ تہران کی دعوت دیدی ۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اسلام آباد میں وزارت تجارت کے حکام نے بتایا ہے کہ ایران نے ’’فری ٹریڈ ایگریمنٹ‘‘ کیلئے پاکستانی وفد کو دورہ تہران کی دعوت دی ہے۔ اس دورے میں آزادانہ تجارت سے متعلق معاملات پر مذاکرات ہونگے اور دونوں ملک تجارتی ٹیرف سمیت مختلف امور پر غور کرینگے۔ حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان کا وفد مذاکرات کیلئے اگلے تین سے چار ہفتوں میں تہران جائے گا۔ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی ٹیرف ، کسٹم ڈیوٹیز اور دیگر متعلقہ معاملات پر بات چیت ہوگی اور آزادانہ تجارتی معاہدے کی دستاویزات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ایران کے مجوزہ دورے میں وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ وفد میں اقتصادی امور ڈویژن کے علاوہ ایف بی آر کے حکام بھی شامل ہونگے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور2017ء کے آغاز میں ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان نے2017 ء میں نہ صرف ایران بلکہ ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ بھی آزادانہ تجارتی معاہدے کرنے کا فیصلہ کررکھا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کو فروغ دینے اور آزادانہ تجارتی معاہدے کا فیصلہ مارچ میں ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ اسلام آباد کے دوران کیا گیا تھا۔

مزید :

کامرس -